ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سری نگر - جموں شاہراہ پر زمین کھسکنے کی وجہ سے آمدورفت متاثر 

سری نگر - جموں شاہراہ پر زمین کھسکنے کی وجہ سے آمدورفت متاثر 

Wed, 22 Feb 2017 10:31:19  SO Admin   S.O. News Service

سری نگر ، 21؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سری نگر -جموں نیشنل ہائی وے پر آج مسلسل دوسرے دن بھی گاڑیوں کی آمدورفت میں متاثر رہی کیونکہ ہر موسم میں کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والا یہ واحد ہائی وے زمین کھسکنے کی وجہ سے کل سے بند ہے۔ٹریفک کنٹرول روم کے ایک افسر نے بتایا کہ کچھ مقامات پر بارش کے بعد مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے ہائی وے آج بھی بند ہے۔افسر نے بتایا کہ زمین کھسکنے کے بعد سڑک پر پھیلے ملبے کو ہٹانے کے لیے مزدور مشینوں کی مدد لے رہے ہیں اور سڑک کو کل دوبارہ آمدورفت کے لیے کھولا جا سکتا ہے۔تقریباََ300کلومیٹر طویل اس شاہراہ میں رام بن اور پتھال کے درمیان کچھ مقامات پر بارش کی وجہ سے کل مٹی کے تودے گرگئے تھے ۔غورطلب ہے کہ وادی کشمیر کے زیادہ تر حصوں میں 17؍فروری سے رک رک کر بارش ہو رہی ہے جو کل رات بھی جاری رہی۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ وادی کے بیشتر حصوں میں رات بھر بارش ہوئی جبکہ پہلگام میں 20سینٹی میٹر برف بھی گری۔اس درمیان لداخ سمیت پورے کشمیر میں رات کے درجہ حرارت میں کمی درج کی گئی ہے ۔ترجمان کے مطابق ،ریاست کے موسم گرما کے دارالحکومت سری نگر میں کم از کم درجہ حرارت 2.7ڈگری سیلسیس درج کیا گیاہے ، جو ایک رات پہلے 5.8ڈگری تھا۔انہوں نے بتایا کہ شاہراہ پر کشمیر کا گیٹ وے شہر کہلانے والے قاضی گند میں کم از کم درجہ حرارت 3.2ڈگری سیلسیس اورسرحدی علاقہ کوکیرناگ شہر میں صفر سے نیچے 0.2ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ شمالی کشمیر کے کپواڑہ شہر میں کم از کم درجہ حرارت 2 ڈگری سیلسیس رہا۔جموں کشمیر کا لیہہ سب سے سرد مقام رہا ،جہاں کم از کم درجہ حرارت صفر سے نیچے 6.7ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، سرحدی علاقے کارگل میں کم از کم درجہ حرارت صفر سے نیچے 5.2ڈگری درج کیا گیا۔ترجمان کے مطابق، کشمیر میں آج اونچے مقامات پر ہلکی بارش ہونے یا معمولی برف باری کا امکان ہے جس کے بعد موسم صاف رہ سکتا ہے۔


Share: